ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Tumharay Saath Rehna Hai | تمہارے ساتھ رہنا ہے
Nazmen - نظمیں

تشبیہ

ڈھول بجنے لگا رقص ہونے لگا
روح جھڑنے لگی
زندگی کی تھکاوٹ اُترنے لگی
بے سبب ہے زمیں ، بے وجہ آسماں
اِس قدر شور ہے الاماں ،الاماں
کس کو معلوم ہے تم کہاں میں کہاں
کون سے سَم پہ کس نے توقف کیا
پھر نہیں اُٹھ سکا
کس کے کاندھوں کے سورج اُترنے لگے
کس کی زلفوں کے تارے بکھرنے لگے
کس کے ماتھے پہ تقدیر کا خوف ہے
کس کے پیروں میں صدیوں بھرا ضعف ہے
کس کو گٹھڑی میں باندھی ہوئی زندگی
بوجھ لگنے لگی
کس کو معلوم ہے کون ہے جانتا
ڈھول بجنے لگا رقص ہونے لگا
زندگی کی تھکاوٹ اُترنے لگی
تال ہے یا محبت کا انجام ہے
رقص ہے یا تمہارا مِرا نام ہے