ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Tumharay Saath Rehna Hai | تمہارے ساتھ رہنا ہے
Nazmen - نظمیں

میرے محبوب ۔۔۔!

اس سے پہلے کہ کہیں بخت مرا ڈھل جائے
میرے محبوب مجھے اپنی محبت دے دے
پھر کسی رات کے آنگن میں بکھر جائوں میں
میری آنکھوں میں جو ہے طور ،جلا دے مجھ کو
میرے سینے میں دھڑکتا ہوا دِل تھم جائے
میری بانہیں جو اُٹھی ہیں وہ نہ شل ہو جائیں
شوقِ منزل نہ کہیں چھوٹے کناروں کی طرح
ٹوٹ جائوں نہ کہیں اپنے سہاروں کی طرح
اِس سے پہلے کہ کہیں خواب بکھر جائیں مرے
میرے محبوب مجھے اپنی محبت دے دے
وہ محبت جو کسی نے نہ کسی سے کی ہو
جس کو پا کر مرے زخموں کو قرار آجائے
کتنے لفظوں کی جلن سے میں جلا جاتا ہوں
کتنی صدیوں کی تھکن سے میں مرا جاتا ہوں
اپنی زلفوں کی گھٹا سے کوئی بارش برسا
اپنے سانسوں کی نمی سے تو مجھے تر کر دے
اپنی بانہوں کی لطافت سے شناسائی دے
صندلی جسم کی خوشبو سے معطر کر دے
اِس سے پہلے کہ مری روح مرا ساتھ نہ دے
میرے محبوب مجھے اپنی محبت دے دے