ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Tumharay Saath Rehna Hai | تمہارے ساتھ رہنا ہے
Nazmen - نظمیں

چائے کے کپ پہ زندگی کی بحث

یاد ہے کیا تمہیں وہ پاگل شخص
دیکھ کر ہم کو ہنستا رہتا تھا
اور پھر خوف سے اَٹی آواز
دکھ بھرے سینے کے وہ کچے سُر
یاد ہے کیا تمہیں وہ کہتا تھا
عشق اذیت ہے اس سے دور رہو
صحن اور پیڑ کا کوئی رشتہ
اس جہاں میں ابھی نہیں اُترا
تتلیوں اور خوشبوئوں کا وطن
صرف خوابوں میں پایا جاتا ہے
چاند پتھر ہے ،فاصلے پر ہے
اس کو چاہو گے ٹوٹ جائو گے
اب کہ جب یوں بھی ہو گیا ہم میں
کوئی رشتہ نہیں رہا ہم میں
مرگیا ہے وہ مجھ میں پاگل شخص
اُس کی باتوں کو یاد کیا رکھنا
چائے کے کپ پہ زندگی کی بحث
کیسے ممکن ہے اور بات کرو
سارے سچ کاپیوں میں رکھ چھوڑو
اور کچھ دیر جھوٹ ہی بولو