ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Tumharay Saath Rehna Hai | تمہارے ساتھ رہنا ہے
Ghazlen - غزلیں

تھکن کے ساتھ اسی راستے میں رہنے دے

تھکن کے ساتھ اِسی راستے میں رہنے دے
ندیمؔ مجھ کو ابھی فاصلے میں رہنے دے
میں زندگی سے ابھی اور لڑنا چاہتا ہوں
مرا وجود ابھی حادثے میں رہنے دے
میں منزلوں سے نہیں راستوں سے ہوں مانوس
تُو مجھ کو بھٹکے ہوئے قافلے میں رہنے دے
میں اِس کہانی کا کردار تو رہا ہی نہیں
مگر کہیں تو مجھے واقعے میں رہنے دے
سفر بھی ختم ہوا زندگی بھی ختم ہوئی
اور اب سکوں سے مجھے مقبرے میں رہنے دے
کتابِ عشق مکمل تو ہو چکی ہے ندیم ؔ
پر انتساب ابھی مشورے میں رہنے دے