ONLINE ORDER
Muhammad Nadeem Bhabha
Search Tumharay Saath Rehna Hai | تمہارے ساتھ رہنا ہے
Ghazlen - غزلیں

سب سے ملتا ہے تو عقیدت سے

سب سے ملتا ہے تو عقیدت سے
تنگ ہیں ہم تری مروت سے
آئنے دیکھ دیکھ کر اس کو
ٹوٹ جاتے ہیں اپنی شدت سے
اپنی گردن جھکا کے بات کرو
تم نکالے گئے ہو جنت سے
حسن کو آنکھ تک رکھا محدود
دل لگایا گیا ہے حیرت سے
اس نے مجھ کو بھلا دیا اک دن
اور بھلایا بھی کس سہولت سے
اس کے دل میں اترنے لگتا ہوں
جو مجھے دیکھتا ہے نفرت سے
میں بہ ہر حال بکنے والا ہوں
مجھ کو پہچان میری قیمت سے
فاصلے بڑھ گئے رفاقت میں
دوریاں پڑ گئی ہیں قربت سے
رزق لالچ نہیں ، مرا حق ہے
سو مجھے قید کر محبت سے